اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں بھارت کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور ہمہ جہت تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پزشکیان نے کہا کہ ایران اور بھارت کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی، تہذیبی اور عوامی روابط دونوں ممالک کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہیں، جو باہمی مفادات کی بنیاد پر دوطرفہ تعلقات کے روشن مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ایرانی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران بھارت کے ساتھ اپنے ہمہ جہت تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی اعتماد اور احترام کو بنیاد بناتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان موجود وسیع صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور ایرانی و بھارتی عوام کے مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات اٹھانے کے لیے تیار ہے۔
پزشکیان نے اپنے پیغام کے اختتام پر بھارت کے لیے ترقی، خوشحالی، سربلندی اور مزید کامیابیوں جبکہ ایران اور بھارت کے دیرینہ تعلقات کے مزید مضبوط اور فروغ پانے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
آپ کا تبصرہ